گجرات: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خوش کرنے کیلئے پرویز الہی گھر کی تقسیم تک پہنچ گئے تھے،لیکن میں نے کہا ایسا نہیں ہونے دوں گا ۔
اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آ رہے، فوری انتخابات کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پرمل بیٹھ کر فیصلے کریں اور معاشی بحالی کی مشترکہ کانفرنس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان کریں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا مونس الہٰی کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ہے، شوکاز نوٹسز صرف ان کےغلط اقدام کو روکنے کے لئے دیے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ پرویزالہیٰ مسلم لیگ ق میں ہی رہیں، میرے اور پرویز الہیٰ کے درمیان سارا معاملہ ایم پی ایز کے متعلق خط سے خراب ہوا، مجھے پرویزالہیٰ نے بہت کہا کہ خط واپس لے لیں لیکن میں نے کہا یہ ناممکن ہے۔