ہمارے ناموں کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر نے کسی اور کو وزیر اعلیٰ بنایا تو اسے نہیں چلنے دیں گے: پرویز الہٰی 

03:10 PM, 19 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے ہم پنجاب میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بنایا ہوا نگران وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے۔عدالت جائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا پنجاب میں جب بھی الیکشن ہوں گے ہم بھرپور مقابلہ کریں گے، ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا پتا ہے، الیکشن کمیشن تو روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے۔

انہوں نے عمران خان کو قائداعظم کے بعد بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے  کہا عمران خان جب غلطی کرتے ہیں تو ہم انہیں روکتے ہیں لیکن جب دشمن غلطی کرے تو اسے نہیں روکنا چاہیے اسے ڈوبنے دینا چاہیے۔نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ن لیگ والوں سے پوچھیں۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ایک دوسرے کے تجویز کردہ نام مسترد کر دیے تھے اور اس حوالے سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کوشش کی کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے متفقہ نام سامنے آ جائے لیکن حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کے ناموں کو مسترد کر دیا۔حکومت کی طرف سے احمد نواز سکھیرا اور نصیر احمد جبکہ اپوزیشن کی طرف سے محسن نقوی اور احد چیمہ کے نام دیے گئے ہیں۔ 

مزیدخبریں