اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نےپاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع کردی۔
وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نےتصدیق کرتے ہو ے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ’ابوظہبی نے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے باعث کیا‘۔وزیرخزانہ نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد بھی لکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جس کے دوران اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کے ساتھ مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم نے امارات کے دورے کی دعوت پر صدر محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلہ کیا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔