لاہور: بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے پر پاکستان کے سابق کرکٹرز وقار یونس اور معین خان نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے بطور باؤلنگ کوچ محمد حسنین کے ساتھ 2 سال کام کیا اور اس دوران مجھے ان کے باؤلنگ ایکشن میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کرنے کے فیصلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر حیران رہ گیا تھا۔
واضح رہے کہ محمد حسنین پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ میں شریک ہوئے تھے اور سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں تباہ کن باؤلنگ کی، اور ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر وہ 5 میچز کھیل کر 7 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سڈنی سکسرز کیخلاف میچ کے دوران محمد حسنین کی ایک باؤنسر کے بعد موئسز ہینریکس نے انہیں طنزیہ انداز میں کہا تھا ’نائس تھرو میٹ‘، تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کے باؤلنگ ایکشن کی طرف امپائرز کی توجہ کس نے دلائی۔
محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد 19 جنوری کو آسٹریلیا میں ان کا ٹیسٹ ہونا تھا مگر اس سے قبل ہی وہ وطن واپس آ گئے جس کے باعث انہوں نے لاہور میں موجود آئی سی سی سے منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں آج ٹیسٹ دیا۔