سندھ کابینہ نے نئی پنشن اسکیم کی منظوری دیدی

 سندھ کابینہ نے نئی پنشن اسکیم کی منظوری دیدی


کراچی :  سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن اسکیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت سرکاری ملازم اب 55 سال کی عمر پر پہنچنے پر یا 25 سال کی نوکری کے بعد ریٹائر ہوگا  جبکہ سرکاری ملازم کے انتقال کی صورت میں 21 سال کی عمر کے بچوں کو پنشن دی جائے گی جو کہ پہلے 24 سال تک کے بچوں کو ملتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت  ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں  پی پی پی موڈ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 58 بلین روپے کے ڈیٹ سپورٹ فنڈ کا اجرا،  زکوٰۃ کونسل کی تشکیل نو ، خواجہ سراؤں کے لیے ملازمت کا 0.5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا اور ہر ضلع میں تہواروں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تمام صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، اے سی ایس ہوم، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ 


واضح رہے کہ  سندھ کابینہ کی جانب سے سی پی ایل سی رولز 2022 کی بھی منظوری دی گئی ہے  جبکہ  رینجرز کے اینٹی ٹیررازم کے اختیارات مزید 90دن بڑھانے کی منظوری بھی دیدی گئی ۔

صوبائی کابینہ نے این آئی سی وی ڈی کو فوری طور پر 4 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی،  سندھ فزیو تھیراپی کونسل ایکٹ 2022 کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔