لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ کاہنہ نو میں لیڈی ہیلتھ ورکر اور تین بچوں کو قتل کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے علاقے گجو متہ میں گھر سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ گجو متہ کے علاقے میں قتل ہونیوالوں میں ماں، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ، مقتولین کی شناخت لیڈی ہیلتھ ورکر ناہید سبطین، تیمور سلطان، ماہ نور، فاطمہ جنت کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق 45 سالہ لیڈی ہیلتھ ورکر ناہید کی لاش گھر کی بالائی منزل سے ملی، بیٹیوں کی عمریں بالترتیب 15 اور 17 برس تھیں جبکہ بیٹا 22 سال کا تھا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں خاندان کے 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئےسی سی پی او کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا، جس کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فرانزک ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کر شواہد بھی اکٹھے کر لئیے ہیں۔
اہل محلہ کے مطابق مقتولہ ناہید کی فیملی 25 سال سے یہاں رہائش پذیر تھے اور گھر ان کا ذاتی ملکیت تھا۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔