خیبر پختونخوا اسمبلی: اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے والے اراکین کی رکنیت معطل

11:30 AM, 19 Jan, 2021

پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا کے ایسے اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے، جنہوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی تھیں۔

صوبائی اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ سال 31 دسمبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کا پابند بنایا گیا تھا، اس سلسلے میں بارہا یاد دہانی کرائی گئی اور نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

تاہم خیبر پختونخوا اسمبلی کے 26 اراکین نے اپنے اثاثوں بارے قومی ادارے کو آگاہ نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن نے فوری طور پر اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے ان صوبائی ممبرز کی رکنیت کو معطل کر دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ جن ارکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں صوبائی وزرا بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان وزرا میں کامران بنگش، ہشام انعام اللہ اور شوکت یوسفزئی بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والی چار خواتین اسمبلی کی رکنیت کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اثاثے جمع نہ کرانے والے قومی اسمبلی کے اراکین کو بھی اپنی رکنیت کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں جن میں فواد چودھری اور ڈاکٹر فہیمیدہ مرزا کا نام قابل ذکر ہے۔

مزیدخبریں