پی ڈی ایم اپنی گرتی ہوئی ساکھ بچانا چاہتی ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

11:17 AM, 19 Jan, 2021

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ نے پی ڈی ایم کی احتجاجی سیاست بارے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عناصر اپنے مقاصد کیلئے مدارس کے بچوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں جو صحیح قدم نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ باشعور لوگ ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔ وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ استعفوں کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے۔ جبکہ لانگ مارچ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ، پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے۔ پی ڈی ایم، نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستان مخالفت قوتوں کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔

خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کا اصلی چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے۔ 14 نومبر کو ڈوزئیر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جھوٹی پراپیگنڈہ مہم شروع کی۔ ارنب گوسوامی کی " واٹس ایپ چیٹ "منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔ بھارت نے پلوامہ ڈرامہ، سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا۔ بھارت کی بی جے پی سرکار نے انتخابات میں جیت کیلئے اپنے فوجیوں کو ہی مروا دیا۔

مزیدخبریں