فارن فنڈنگ کیس: پی ڈی ایم نے احتجاج کی تیاریاں مکمل کرلیں، سیکیورٹی ہائی الرٹ

09:55 AM, 19 Jan, 2021

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد نے فارن فنڈنگ کیس کیخلاف الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی تیاریان مکمل کر لی ہیں، ادھر انتظامیہ نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کو سخت کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب رینجرز کی دو پلاٹون نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حصار میں لے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے گیٹ کے سامنے بلاک کے ساتھ خار دار تاریں بھی لگا دی گئی ہیں۔ ریڈ زون کی طرف آنے والے راستے پر پیدل چلنے والوں کے واک تھرو گیٹ نصب کر دیئے گئے ہیں۔

ادھر پی ڈی ایم کی تیاریوں پر بات کی جائے تو خبریں ہیں کہ اپوزیشن اتحاد کی قیادت کی جانب سے کشمیر چوک پر اکھٹے ہونے کا پلان بنایا گیا ہے، اس کے بعد تمام لوگ کنٹینر پر سوار ہو کر الیکشن کمیشن جائیں گے لیکن کوئی رہنما اس احتجاج کی قیادت نہیں کرے گا۔ مریم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان فارن فنڈنگ کیخلاف احتجاج میں شریک ہونگے لیکن بلاول بھٹو زرداری کا اس میں شرکت کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت اور ریڈ زون میں آںے کی اجازت دیدی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ یہ بات سختی سے واضح کی گئی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ احتجاج میں مدارس کے طلبہ کو نہ لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اس بات کا علم نہیں کہ وہ خوف پھنسنے جا رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس خود ان کے گلے پڑنے والا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ احتجاج کے دوران قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں