لاہور: ساؤتھ افریقا کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف اس کی ہوم گراؤنڈ میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا، بابر اعظم کی واپسی سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہوگی۔
گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان میں کئی طرح کے چینلجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ہمارے ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ان کا پاکستان میں کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
کوئنٹن ڈی کوک کا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف اس کی ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا آسان نہیں ہوگا، اس چیز کا ہماری ٹیم کو بخوبی اندازہ ہے۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم نے جو کھیل پیش کیا، اپنی ہوم گراؤنڈ میں وہ اس سے بالکل مختلف نظر آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر ہی صرف پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جس سے ہمارے کھلاڑی بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور ان کے مشورے ہمارے لئے فائدہ مند ثابت ہونگے۔
پاکستان غیر ملکی کرکٹر کو دی گئی سیکیورٹی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں آمد سے قبل کچھ خدشات اور سوالات تھے لیکن اب ہمیں مکمل اطمینان ہے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات شاندار ہیں۔ آئسولیشن کے دوران ہمارے کھلاڑیوں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام بہت اچھی چیز ہے جس سے ہمیں بھرپور تیاری کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
پاکستانی باؤلرز بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپنرز کو کھیلنا ہمارے کھلاڑیوں کیلئے مشکل ہو سکتا ہے، پاکستان کا اپنے سکواڈ میں 3 سپنرز کو شامل کرنا اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ ہمارے لئے کس قسم کی وکٹیں تیار کی جائیں گی۔