ساہیوال، کار پر مبینہ فائرنگ، 4 افراد جاں بحق، وزیراعظم کا نوٹس

02:20 PM, 19 Jan, 2019

ساہیوال: ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر اڈا قادر کے قریب کار پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 بچے معمولی زخمی ہو گئے۔وزیراعظم عمران خان نے  واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی۔ 

کار پر فائرنگ مبینہ طور پر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ کار میں اغوا کار سوار تھے جبکہ 3 بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے بعدازاں بچوں کو قریبی پیٹرول پمپ پر چھوڑ دیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ ان کے والدین کو مار دیا گیا ہے جس کے تھوڑی دیر بعد سی ٹی ڈی پولیس بچوں کو اپنے ساتھ موبائل میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئی۔

دوسری جانب فائرنگ کے واقعے سے متعلق مقامی پولیس نےکوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر ساہیوال کا کہنا ہے کہ یہ سی ٹی ڈی کی کارروائی ہے اور وہی اس حوالے سے بہتر بتا سکتے ہیں۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا نوٹس لے کر آر پی او ساہیوال سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے مطابق ایک گھنٹے کے اندر واقعے کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔ اگر واقعے میں کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔

مزیدخبریں