لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے اور مسئلہ حل ہو چکا ہے۔ چوہدری برادران کو علم ہے کہ کون ان کا دوست اور کون دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سب سے زیادہ ذہین اور زیرک سیاستدان ہیں اور مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہو گی اور چوہدری برادران اس نظام کے اہم پلرز ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمار یاسر کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق نہیں وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خود بات کر لیتے تو مسئلہ حل ہو جاتا کیونکہ عمار یاسر ہمارے ساتھی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی رہیں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر معدنیات عمار یاسر نے اپنے کام میں مداخلت کا شکوہ کر کے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جب کہ چوہدری برادران کی جانب سے بھی حکومتی رویے اور معاہدے پر تحفظات کی اطلاعات تھیں۔