راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو صبح سوا 6 بجے ڈھوک چوہدریاں میں واقع چکلالہ اسکیم تھری کے ایک گھر میں آتشزدگی کی اطلاع دی گئی جب ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں تو وہاں 3 افراد کی لاشیں موجود تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 خواتین اور 13 سالہ لڑکا شامل ہے۔
لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گھر میں آگ گیس لیکج سے لگی۔