اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا ہے کہ چوروں، ڈاکوؤں، نااہل شخص کے لئے قانون بنانے، ختم نبوت میں ترمیم کرنے اور عوامی مفاد میں قانون نہ بنانے والی پارلیمنٹ پر ایک نہیں سو مرتبہ لعنت بھیجتا ہوں۔ اسلام میں چور کی سزا ہاتھ کاٹنا ہے اور پارلیمنٹ نے چور کو لیڈر بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پارلیمنٹ کا وقار مجروح کیا ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ کی عزت بڑھائے گی۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی مراد سعید نے شہریار آفریدی و دیگر ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ گذشتہ روز ایوان کے اندر بیٹھے لوگوں نے اپنی اصلاح کرنے اور اپنے کرتوتوں کو ٹھیک کرنے پر غور کرنے کے بجائے عمران خان کے خلاف تقریریں کیں۔ سپیکر نے مجھے کہا تھا کہ سوالات کے بعد آپ کو بولنے کا موقع دیا جائے گا مگر اس کے باوجود بولنے کا موقع نہیں دیا گیا کیونکہ سچ سننے کے لئے ہمت کی ضرورت ہوتی ہے، جن پارلیمنٹیرین کو کل غیرت آئی تھی ان کی غیرت اس وقت کہاں تھی جب ختم نبوتۖ میں ترمیم کی گئی اور ایک نااہل وزیراعظم کے لئے قانون بنایا گیا۔ شیخ مجیب الرحمان کا ذکر کر کے ایک نااہل وزیراعظم نے پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کی۔ ایک نااہل کی تصویر کو پارلیمنٹ میں لایا گیا۔ ایوان سے جھوٹ بولا گیا۔ مزدوروں کے بجائے اپنی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔ کیا اس وقت ایوان کا وقار مجروح نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسی پارلیمنٹ جس میں ختم نبوت کے آئین میں ترمیم کی جائے، نااہل شخص کے لئے قانون بنایا جائے، غریب کے لئے قانون سازی نہ کی جائے اور اپنی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے پر ایک نہیں سو مرتبہ لعنت بھیجتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام چور کو ہاتھ کاٹنے کی سزا دیتا ہے اور یہ پارلیمنٹ او کس لیڈر بناتی ہے۔ عوامی مفاد کے قانون کو پاس نہیں ہونے دیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک نااہل وزیراعظم کی تصویر میز پر رکھ کر کہتا ہے کہ یہ میرا وزیراعظم ہے۔