نیویارک:سائنس نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کو چونکا دیا ، ایسے جدید کنٹیکٹ لینز متعارف کروا دیئے جوکہ آنکھوں کے پانی ، آنسوئوں سے شوکر لیول کی مقدار بتا سکیں گے۔
گوگل لیبارٹریز نے ایک بار پھر ٹیکنالوجی میدان میں خود کو منوا لیا ہے ، مستقبل میں آنکھوں میں لگایا گیا لینز بتا سکے گا کہ دوا لینے کا وقت ہو گیا ہے یا ابھی میٹھا نہ کھائیں کیونکہ جسم میں چینی کی مقدار بڑھ رہی ہے۔ اس پروجیکٹ کی قیادت برائن اوٹس اور بیباک پرويز کر رہے ہیں۔
برائن اوٹس اور بیباک پرويزنے لکھا ہے کہ لینز میں ایک چھوٹی سی وائرلیس چپ لگی ہو گی اور لینز کی دو تہوں کے درمیان گلوکوز سینسر ہوگا۔
لینز سے متعلق ابتدائی تجربات مکمل ہو چکے ہیں اور ان کے استعمال سے متعلق امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے مذاکرات جاری ہیں۔ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے رکن نے بتایا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ آنسوؤں کو جمع کرنا اور ان پر تحقیق کرنا کس قدر مشکل کام ہے۔اس میں حیران کن حد تک الیکٹرانکس کے انتہائی چھوٹے پُرزے استعمال کیے گئے ہیں۔
چپ اور سینسر ایک ذرّے کے برابر ہیں اور وائرلیس اينٹینا ایک بال سے بھی باریک۔ شاید اس طریقے سے زیادہ سے زیادہ درستگی کے ساتھ انسانی آنسوؤں میں گلوکوز کی مقدار ناپنےکی گُتھی کو سلجھایا جا سکے۔