اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی استعفوں کے ذریعہ مصنوعی بحران پیدا کر کے انتخابات سے فرار حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنا عمران خان کی غیر جمہوری سوچ کی علامت ہے ۔ جمہوری عمل کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان کی کیفیت اس طالبعلم جیسی ہے جس کے تیاری نہ ہونے پر امتحان سے پہلے ہاتھ پیر پھول جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتخابات کے لئے تیار ہے ۔معیشت کے بارے میں بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ معیشت کی بحالی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ بڑی کامیابیاں ہیں۔بھارت کا لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائین آف کنٹرول کی خلاف ورزی اس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔ بھارت کشمیر کے مسئلہ سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا ۔