جس نے ہڑتال کرنی ہے کر لے لیکن صحت پر سمجھوتا نہیں ہوگا، چیف جسٹس پاکستان

12:15 PM, 19 Jan, 2018

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے کٹاس راج از خود نوٹس کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے ہندو برادری کے مسائل پر رمیش کمار سے تحریری نکات طلب کر لیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں اور ملک کو آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی ضرورت ہو گی اس لیے فیکٹریاں بند کر کے سیمنٹ سیکٹر میں چینی جیسی صورتحال پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ اس دوران عدالت عظمیٰ نے چکوال کی 4 سیمنٹ فیکٹریوں کو نوٹس جاری کر کر دیئے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ الزام لگ رہا ہے کہ عوامی مفاد کے مقدمات میں عام مقدمات کو بھول گئے لیکن عام مقدمات بھولنے کے الزام کو لینے کے لیے تیار نہیں جب کہ یہ الزام لینے کے لیے بھی تیار نہیں کہ عوامی مفاد کے چکر میں عدالتی کام متاثر رہا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اتوار کو عدالت لگانے پر کراچی میں میری بہت مخالفت ہوئی تاہم عدالتی کام کے لیے اتوار کو بھی عدالت لگا رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بھینسوں کو لگانے والے ٹیکے پر پابندی لگائی تو گجر مخالف ہو گئے۔ گجر کہتے ہیں پیداوار کم نہ ہو چاہے کینسر والا دودھ ہی لوگوں کو ملے لیکن صحت کے معاملے میں سمجھوتا نہیں ہو گا جس نے ہڑتال کرنی ہے کر لے۔ عدالت نے کٹاس راج ازخود نوٹس کیس کی سماعت 15 روز کے لیے ملتوی کر دی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں