امریکہ کا پھر ڈومور کا مطالبہ، پاکستان کوحافظ سعید کیخلاف قانونی کارروائی کا پیغام دیدیا

09:07 AM, 19 Jan, 2018

واشنگٹن:امریکہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے حافظ سعید کیخلاف قانونی کارروائی کا پیغام دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہید نوئرٹ کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات مشکل دور سے گزر رہے ہیں ،انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کو مزید اقدامات کی ضرورت ہے،پاکستانی حکومت کوتحفظات سے آگاہ کردیا ہے اور حکومت پاکستان کو پیغام دیاکہ وہ حافظ سعیدکےخلاف قانونی کارروائی کرے۔

ہیدر نوئرٹ نے مزید کہا کہ حافظ سعیدکودہشت گردسمجھتے ہیں،لشکرطیبہ دہشت گردتنظیم ہے اور حافظ سعید کو ہی ممبئی حملے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں کیونکہ اس حملے میں امریکیوں سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے ،چاہتے ہیں کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے ،امریکی فوج کے بیانات پر پینٹاگون سے بات کریں گے ،پاکستان سے تعلقات ،وائٹ ہائوس ،پینٹاگون اور محکمہ خارجہ ایک ہی پیج پر ہیں اور نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان کوئی نیا پیغام نہیں لے کر گئیں ۔

مزیدخبریں