لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شریفوں نے پنجاب کے عوام کو یرغمال بنارکھا ہے جب کہ بہت جلد عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف سے چھٹکارے کی خبر بھی ملے گی۔
لاہور سے فیصل آباد تک ریلی کے دوران مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپوں پر کارکنوں سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، اس جماعت نے ملک و قوم کے لئے قربانیاں دی ہیں، ہم اس کرپٹ نظام کے خلاف ہیں، اس سسٹم کے خاتمے کے لئےعوام کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی شہید والدہ اور نانا کا مشن مکمل کرنے نکلے ہیں اور اس مشن کو جاری رکھیں گے، پیپلز پارٹی اپنے 4 مطالبات پر قائم ہے اور اسے پورے کراکر دم لے گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پنجاب اولیائے کرام کی سرزمین ہے،حکومت نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیاہے، شریفوں نے پنجاب کے عوام کو یرغمال بنارکھا ہے، ہمیں کالعدم تنظیموں کو تحفظ فراہم کرنے والوں سے چھٹکارا پانا ہے، یہ کھاتے ظالموں کے ساتھ اور بات مظلوموں کی کرتے ہیں، اگر عوام میرا ساتھ دیں گے تو حکمرانوں کو بھاگنا پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں نہ گیس ہے اور نہ بجلی، گیس اوربجلی کی عدم دستیابی سے بےروزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اگر حکمران آصف زرداری کے شروع کئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل ہونے دیتے تو آج ملک میں بحران نہ ہوتا لیکن وہ صرف اپنےمفادات کو تحفظ فراہم کررہے ہیں، حکومت کی عوام دشمن پالیسی کی وجہ سے کسان رل گیا ہے لیکن حکومت صرف انڈے اور مرٖغی کے چکر میں لگی ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت مہنگائی کو فروغ دیتی ہے، شریفوں کی حکومت میں برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔ حکومت کے خلاف تیر کمان سے نکل چکا ہے اور اب بہت جلد عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف سے چھٹکارے کی خبر بھی ملے گی