ایریزونا: امریکا میں ایک ایسا ریستوران کافی مقبول ہورہا ہے جہاں آرڈر کیا گیا کھانا ملنے تک آپ فائرنگ کرکے دل بہلا سکتے ہیں۔
امریکا کے ماڈرن راؤنڈ ریستوران میں اصل پستول اوررائفل کے بجائے ان سے ملتی جلتی لیزرگن دی جاتی ہیں جنہیں چلاتے وقت اس کا حقیقی احساس ہوتا ہے۔ اسی طرح ٹارگٹ بھی مجازی (ورچول) ہوتے ہیں اورصارفین کھانے کے انتظارکے دوران 16 فٹ دور لگے اسکرین پر فائرنگ کرکے کسی ویڈیو گیمز کی طرح اپنے شکار کو گراسکتے ہیں۔ ان میں زومبی گیمز، پولیس گیمز اورآرمی ایڈونچر والے گیمز شامل ہیں۔
آپ جوبھی بندوق اور پستول اٹھائیں گے اس کی جسامت، ساخت اور وزن ہوبہو اس کے اصل ماڈل جیسا ہوگا۔ ہر اسلحے میں ایک نظام ہے جو فائرنگ کے وقت اصل دھچکا (ریکوائل) فراہم کرتا ہے۔ لوگوں کے مطابق یہ بندوقیں اتنی حقیقی ہیں کہ کھانے کی میزپربھی ان کا خیال رہتا ہے۔
اصل میں یہ ریستوران ایک اسلحہ فروش کمپنی کے مالک مچیل سالز کی اختراع ہے جس کا پہلا ہوٹل ایریزونا میں کھولا گیا ہے ۔ اس کی کامیابی کے بعد امریکا میں اگلے پانچ سال میں ایسے 15 سے 20 ریسٹورینٹ مزید کھولے جائیں گے۔
ماڈرن راؤنڈ ریستوران کے صدربل شائیڈ ہاورکے مطابق ایریزونا میں بہت سے لوگوں کے پاس اسلحہ ہے۔ اسی لیے ریستوران میں ایسے لوگوں کے لئے سہولیات رکھی گئی ہیں جنہوں نے پہلے کبھی بھی اسلحے کو استعمال نہیں کیا ہے۔ ان پروگراموں سے لوگ جان سکتے ہیں کہ کب فائر کرنا اور کن مواقع پر فائر نہیں کرنا۔اس ریستوران کی سالانہ رکنیت فیس صرف 5 ڈالرہے اوراب تک 23 ہزار سے زائد افراد اس کے رکن بن چکے ہیں، لیکن شوٹنگ گیمز کےلیے فی گھنٹہ 25 سے 45 ڈالرفیس رکھی گئی ہے جو گیمز اور بندوقوں کے لحاظ سے ہے، یہاں پراصل شوٹنگ کے ماہر بھی موجود ہیں جو آپ کے شوق کی خاطر ماہرانہ رائے دیتے ہیں جیسے کہ نشانہ باندھنا اور درست انداز میں اسلحہ اٹھانا وغیرہ۔ اس کے علاوہ بڑوں کے لیے 20 منٹ کا ایک کورس بھی رکھا گیا ہے جس میں انہیں اسلحے کا محفوظ استعمال سکھایا جاتا ہے۔