کریم مورانی پر ان کی بیٹی کی سہیلی نے زیادتی اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا

حیدرآباد دکن: شا ہ رخ خان کے قریبی دوست اور کئی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر کریم مورانی پر ان کی بیٹی کی سہیلی نے زیادتی اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔

04:58 PM, 19 Jan, 2017

 کریم مورانی پر ان کی بیٹی کی سہیلی نے زیادتی اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا

حیدرآباد دکن: شا ہ رخ خان کے قریبی دوست اور کئی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر کریم مورانی پر ان کی بیٹی کی سہیلی نے زیادتی اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔ 

چنائے ایکسپریس اور ہیپی نیو ایئر جیسی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر اور شاہ رخ خان کے دوست کریم مورانی پر حیدرآباد دکن کی رہائشی 25 سالہ لڑکی کی جانب سے زیادتی اوربلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ لڑکی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ کریم مورانی کی بیٹی کی دوست ہیں اور دونوں تھیٹر میں ایک ساتھ اداکاری کرتی ہیں۔ کریم مورانی نے انہیں کئی مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا، کریم نے ان کی ذاتی نوعیت کی تصاویر اپنے موبائل سے فلم بند کی تھیں ، جس کی بنیاد پر وہ انہیں بلیک میل کرتے رہے ہیں۔

لڑکی نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ کریم نے انہیں آخری مرتبہ ستمبر اور اکتوبر 2015 میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور یہ سب کچھ ممبئی میں ہوا لیکن وہ اس وجہ سے حیدر آباد میں درخواست دائر کرارہی ہیں کیونکہ ممبئی میں کریم اس کیس پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ کریم مورانی کے خلاف زیادتی، بلیک میلنگ، حبس بے جا میں رکھنے اور دیگر مجرمانہ اقدامات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، درخواست گزار کے مطابق آخری مرتبہ انہیں ایک سال سے بھی زیادہ عرصہ پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، اس لئے وہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم اب تک کریم مورانی سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔

دوسری جانب پروڈیوسر کے ترجمان کے مطابق درج کرائی گئی شکایت جھوٹ پرمبنی ہے جو مورانی کی شہرت اورساخت کو متاثر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ موارنی اس کے خلاف قانون کے مطابق قدم اٹھائیں گے اور انہیں عدلیہ اور انصاف پر مکمل اعتماد ہے جب کہ وہ پوچھ گچھ میں بھی تعاون کرنے کے لیے بھی تیارہیں۔

مزیدخبریں