پاکستان میں فتنہ فساد کی سیاست کا آغاز کس نے کیا؟:مریم نواز

پاکستان میں فتنہ فساد کی سیاست کا آغاز کس نے کیا؟:مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں فتنہ اور فساد کی سیاست کا آغاز کس نے کیا؟ اور یہ کلچر کس نے متعارف کرایا؟ انہوں نے مزید کہا کہ "آج جس چیز کی سزا وہ بھگت رہے ہیں، اس کے پیچھے کئی وجوہات ہیں، اور وہ میری کارکردگی پر بات نہیں کر سکتے۔"

الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب میں مریم نواز نے کہا کہ "میں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کوئی پروجیکٹ نہیں مانگا اور نہ ہی وزیراعلیٰ ہاؤس کو اپنے ذاتی کاموں کے لیے استعمال کیا۔" انہوں نے کہا کہ "حالات نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہ شخص جو کبھی ملک کو نقصان پہنچاتا تھا، آج مکافات عمل کا شکار ہوکر اڈیالہ جیل میں بند ہے۔"

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ "سیاست میں اختلافات ہو سکتے ہیں، مگر تہذیب کے دائرے میں بات چیت ضروری ہے۔" انہوں نے کہا، "ملک پر حملہ کرنے کا جو دھبہ ہے، وہ کس پر لگا؟ میں نے نام نہیں لینا۔"

مریم نواز نے کہا کہ "ہم طلبا کو لیپ ٹاپ دے رہے ہیں جبکہ وہ پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈے دے رہے ہیں، جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، انہیں کبھی معاف نہیں کروں گی۔"

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور "گرین اور کلین پنجاب کا خواب حقیقت بن چکا ہے۔" انہوں نے اعلان کیا کہ 500 الیکٹرک بسیں اگست میں پنجاب آئیں گی، جن میں خواتین کی ہراسانی کی روک تھام کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "فیصل آباد میں الیکٹرک بسوں کی تیاری جاری ہے اور چینی کمپنیوں کو دعوت دی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بسیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے، اور پاکستان کی پہلی ٹرام کو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک ایک سال میں چلانے کی کوشش کریں گے۔

مصنف کے بارے میں