مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے:نواز شریف

04:51 PM, 19 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ موجودہ سیاسی گروہ نہ تو سنجیدہ مذاکرات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور نہ ہی وہ سیاسی افہام و تفہیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر 2013 میں ترقیاتی منصوبوں کا سفر جاری رکھا جاتا تو آج پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے قرض کی ضرورت نہ ہوتی۔

نواز شریف نے بتایا کہ طویل عرصے کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ دو روز قبل میاں نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں مختلف ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ "تبدیلی" کے دعوے کرنے والوں نے کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی کو سیاست کا حصہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنے کی کوشش کی گئی اور سیاست میں بغض اور انتقام کو عام کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا تھا، لیکن شہباز شریف کی محنت اور پالیسیوں کے تسلسل کی بدولت معاشی استحکام حاصل ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے لیے پالیسیوں کی تسلسل اور عوامی خدمت پر زور دیا جائے گا۔

مزیدخبریں