بغض مریم میں اڈیالہ کا قیدی اور اس کے حامی پریشان ہیں:عظمیٰ بخاری

04:40 PM, 19 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور:  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم نواز کی وجہ سے ہلکان ہو رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے ایک سال کے دوران اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھی ہے، اور پنجاب کے عوام نے ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کے بارے میں بعض جماعتوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے مسلسل نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے، جس میں پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں نازیبا گفتگو کرتے تھے، اب علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف بھی یہی زبان استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خط بازی اور الزام تراشی آپ کے رہنماؤں کی پرانی عادت ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بانی پی ٹی آئی کی تربیت کی وجہ سے وزیراعلیٰ کے پی اور ان کے ترجمان بھی مریم نواز کے بارے میں غیر اخلاقی باتیں کرتے ہیں، جس پر ترس آتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز آج پنجاب اور پاکستان بھر کے نوجوانوں کی پسندیدہ رہنما بن چکی ہیں، جس کا واضح ثبوت نارووال میں ہونے والا کامیاب جلسہ ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ کا قیدی اور اس کے حامی بغض مریم میں شدید اذیت کا شکار ہیں

مزیدخبریں