کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کے ہسپتالوں کو عالمی معیار کے طبی ادارے بنانے کے لیے اقدامات کریں گے تاکہ صحت کے شعبے میں بڑی تبدیلیاں لائی جا سکیں۔
وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمۂ صحت بلوچستان اور پنجاب کے ماہرینِ طب نے محکمہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے گی، جس سے عوام کو بہتر صحت کی سہولتیں مل سکیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسپتالوں میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی سطح پر بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی ہدایت دی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے طبی سہولتوں، ادویات کی فراہمی اور انتظامی نظام کو مربوط کیا جائے۔ انہوں نے بی ایم سی، سنڈیمن اور شیخ زید النہیان اسپتالوں کو مثالی طبی ادارے بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔