لاہور:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز پر گوگل نے اسمارٹ فون براؤزر گیم "منی کپ" لانچ کر دی ہے۔ اب کرکٹ کے شائقین گوگل پر "چیمپئنز ٹرافی" تلاش کر کے اس گیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
گیم کھیلنے کے لیے اسمارٹ فون صارفین کو اپنے براؤزر کے نیچے دائیں کونے میں گھومتی ہوئی کرکٹ بال کا آئیکن دکھائی دے گا۔ اس آئیکن پر کلک کرتے ہی گیم کھل جائے گی، جس میں شائقین اپنے پسندیدہ ملک کا انتخاب کر کے اس کی پوزیشن کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔
"منی کپ" گیم میں ایک بطخ باؤلر کے طور پر سامنے آتی ہے جو تیز گیندوں اور سپن بالز سمیت مختلف قسم کی باؤلنگ کراتی ہے۔ شائقین بلے بازی کرتے ہوئے چوکے اور چھکے مار کر سکور بڑھا سکتے ہیں۔
اگر کھلاڑی بولڈ ہو جاتا ہے، تو بطخ ایک مزاحیہ قہقہہ لگاتی ہے۔ کھلاڑی کے مارے گئے رنز، چوکے اور چھکے ٹیم کے سکور میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہوتی ہے۔ اس وقت بھارت گیم میں پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے۔