بلوچستان : پنجاب جانے والی بس سے بارکھان کے قریب مسلح افراد نے 7 مسافروں کو اتار کر قتل کر دیا

بلوچستان : پنجاب جانے والی بس سے بارکھان کے قریب مسلح افراد نے 7 مسافروں کو اتار کر قتل کر دیا

کوئٹہ : بلوچستان کے شہر بارکھان میں مسلح افراد نے ایک مسافر بس کو روک کر سات افراد کو قتل کر دیا۔ یہ واقعہ رڑکن کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح حملہ آوروں نے قومی شاہراہ پر بس روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور پھر انہیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

 بس کوئٹہ سے فیصل آباد جا رہی تھی اور جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیویز اور ایف سی کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کسی رعایت کا مستحق نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قوم کی مدد سے ہم ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اس بزدلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق، ایف سی اور لیویز فورسز دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں تاکہ انہیں گرفتار کیا جا سکے۔ 

مصنف کے بارے میں