کراچی: شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا ہے اور آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ میدان میں دونوں ٹیموں نے بہترین تیاری کی ہے اور اب یہ معرکہ شروع ہونے والا ہے کہ کون سی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز جیتے گی۔
پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ایونٹ کی تیاریوں کے تحت تین اہم سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے اور ان کی حالت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات پر بھی پورا اُترنا ہے۔
آج کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، جو دوپہر 2 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے حوصلے بلند ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح حاصل کی ہے، تاہم پاکستان ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن میں بابر اعظم اور فخر زمان پر شائقین کی امیدیں مرکوز ہیں، جب کہ محمد رضوان اور سلمان علی آغا بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ باؤلنگ میں شاہین آفریدی کا اہم کردار ہوگا، ساتھ ہی حارث رؤف اور نسیم شاہ کی خدمات بھی میچ میں اہم ہو سکتی ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی، اور کیوی ٹیم کو کین ولیمسن جیسے میچ ونرز کا ساتھ حاصل ہے۔ افتتاحی تقریب اور مہمان خصوصی آج کے میچ کے دوران افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں پاک فضائیہ کے طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اس میچ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔