چیمپئنز ٹرافی : کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کےلیے ٹریفک پلان جاری

چیمپئنز ٹرافی : کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کےلیے ٹریفک پلان جاری

کراچی: چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریفک کے انتظامات کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ آج، 21 فروری اور یکم مارچ کو کھیلے جانے والے میچز کے لیے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ٹریفک پلان کے مطابق، سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا، اور اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شائقین کو کار ساز سے آنے والے فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ تک پہنچنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ہیوی ٹریفک کے لیے سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پیپلز چورنگی سے آنے والی ٹریفک یونیورسٹی روڈ کی طرف روانہ ہو سکے گی۔ تاہم، کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم سے نیو ٹاؤن اور اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر تک ہیوی ٹریفک کے لیے راستے بند رہیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑک یا سروس روڈ پر کھڑی نہ کریں اور صرف مختص پارکنگ ایریاز میں ہی اپنی گاڑیاں پارک کریں۔ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اور اس میچ کے دوران ان ٹریفک انتظامات کا خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ شائقین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

مصنف کے بارے میں