ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہو چکی ہے۔

 جھل مگسی، گنداواہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، جبکہ زیارت اور اس کے اطراف میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زیارت میں برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، قلات، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ عبداللہ، چمن، سبی، خضدار، پشین اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی موسم کی شدت برقرار رہے گی۔ راولپنڈی، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور دیگر کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی برفباری ہو سکتی ہے۔

مزید برآں، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے، خاص طور پر چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں شدید برفباری ہو سکتی ہے۔

مصنف کے بارے میں