آئی ٹی کے فروغ کیلئے 15 میں سے 13 اہداف حاصل کرلیے، فائیو جی سروس اگست میں شروع ہوگی: ڈاکٹر عمر سیف

08:25 AM, 19 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان میں فائیو جی سروس رواں سال جولائی تا اگست کے درمیان شروع کر دی جائے گی اور 300؍ میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے ویڈیو پیغام میں  کہا کہ لانچ سے قبل فائیو جی سروسز کیلئے آپٹک فائبر نیٹ ورک کو بڑھانا تھا، اس وقت ملک بھر میں تقریباً 56؍ ہزار ٹاورز میں سے صرف 6؍ ہزار موبائل ٹاورز آپٹک فائبر کیبلز سے منسلک ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی ٹی کے شعبے کے فروغ اور اس کی برآمدات میں اضافے کیلئے مقرر کردہ 15؍ میں سے 13؍ اہداف نگراں حکومت نے پانچ ماہ میں کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے ہیں۔  ایس آئی ایف سی کا فورم ملک کی تعمیر و ترقی میں منتخب حکومت کیلئے ایک بہترین معاون ثابت ہوگا، منتخب حکومت نگران دور میں کیے گئے اقدامات کے ثمرات سے بھی لطف اندوز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایس آئی ایف سی اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر ایک اہم پالیسی پر کام کیا جس سے آئی ٹی کمپنیوں کو اپنی برآمدی آمدنی کا پچاس فیصد حصہ پاکستان میں ایک اکاؤنٹ میں ڈالر کی صورت میں رکھنے اور اپنے بین الاقوامی اخراجات بغیر پابندی اسی رقم سے کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے ایچ ای سی، نیشنل کمپیوٹنگ ایکریڈیٹیشن کونسل، ایگزامینیشن ٹیسٹنگ کونسل، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن سمیت مختلف اداروں کے ساتھ مل کر آئی ٹی کی تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے کیے گئے اہم فیصلوں پر روشنی ڈالی۔

 ڈاکٹر سیف نے کہا کہ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلباء کو انڈسٹری پلیسمنٹ پروگرام کے ذریعے ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں