مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، باضابطہ اعلان آج متوقع

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، باضابطہ اعلان آج متوقع

اسلام آباد :  وفاق میں حکومت سازی کیلئے  پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان دوطرفہ مذاکرات کے چوتھے دور میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جسے ’’بریک تھرو‘‘ بھی قرار دیا جاسکتا ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی بحران کے خاتمے اور ملکی معیشت کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے فارمولوں پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا اور تمام امور کو حتمی شکل دینے کیلئے دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں کے ارکان آج اسلام آباد میں ملاقات کرینگے۔ 

سینئر صحافی فاروق اقدس کے مطابق پاور شیئرنگ کے فارمولے کے تحت صدر مملکت گورنر اور سپیکر شپ کے مناصب پاکستان پیپلز پارٹی کو دیئے جائیں گے جبکہ دونوں اتحادی جماعتیں صوبہ بلوچستان میں بھی مشترکہ حکومت بنائیں گے جہاں وزیراعلیٰ کا منصب بھی پیپلز پارٹی کو دیا جائے جس کیلئے ابھی تک سرفراز بگٹی سرفہرست امیدوار ہیں جنہوں نے نگران حکومت ختم ہونے سے قبل ہی وزیر داخلہ کا منصب چھوڑ دیا تھا تاہم رواں ہفتے ہی آصف علی زرداری اس منصب کیلئے اعلان کریں گے ۔ 

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت میں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان شامل ہوں گے۔ آج  مذاکرات کے آخری دور میں اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے حکمت عملی کو آخری شکل دی جائے گی جس کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار اور صوبہ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرینگے۔

مصنف کے بارے میں