لاہور :نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کی رینڈم اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ،نگراں وزیرِ اعلیٰ نے طلبہ کی اسکریننگ سے متعلق جامع پلاننگ کرنے کی ہدایت کی ۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، متعلقہ صوبائی اداروں اور اےاین ایف کے درمیان اشتراک مزید بہتر بنایا جائے گا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے آئس کے نشے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئس کی سپلائی چین اور آن لائن دستیابی روکنے کے لیے جامع طریقہ کار اپنایا جائے ۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی وباء سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کر نے کی ضرورت ہے ، نئی نسل کو منشیات سے بچانا سب کی قومی اور سماجی ذمے داری ہے۔