صدر کل الیکشن کی تاریخ دیں یا پھر استعفیٰ دیں،شیخ رشید

12:41 PM, 19 Feb, 2023

 لاہور :عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی پیر کو الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں۔


لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں  شیخ رشید  کا کہنا تھا کہ  وہ عمران خان سے ملاقات کرنے اور میڈیا کا شکریہ ادا کرنے آ ئے ہیں ، انہوں نے کہا پاکستان کو اللّٰہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے، صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے۔

شیخ  رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ میری حکومت نہیں، پھر بتایا جائے کس کی حکومت ہے؟ مریم نواز کے بیانیے کے ساتھ ان کا شوہر نہیں کھڑا۔خواجہ آصف اعتراف کرچکے ہیں ملک ڈیفالٹ کرچکا ہے، خواجہ آصف کی رگوں میں بھی خواجہ صفدر کا خون دوڑ رہا ہے، یہ لوگ ابھی تک فیصلہ نہیں کرسکے ضمنی الیکشن لڑنا ہے یا نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر عمران خان کہیں گے تو 22 تاریخ کو سب سے پہلے میں گرفتاری دوں گا، حکومت  سے کہتا ہوں اگر کراچی لے جانا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں میں ارشد شریف نہیں، جس روز گرفتار کرکے کراچی لے گئے تو اس دن برنس روڈ کا نقشہ کچھ اور ہوگا، لسبیلہ،کراچی،حب،پشاور لے جاؤ تمہاری سیاست کو نیست و نابود کردوں گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ  کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے کیلئے لاہور آیا ہوں ،ان کا مزید کہنا ہے کہ  پولیس نے دو کمبل دیے، آدھا سامان جیل میں چھوڑ آیا ہوں۔میرے ساتھ جو کچھ ہوا میں اسے معاف کرتا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میرے فون ان کے پاس ہیں، اندازہ ہے کون لوگ ہیں، جن کے پاس فون ہے مجھ سے پاس ورڈ پوچھ لیں۔
 

مزیدخبریں