آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امیر لوگوں کو سبسڈیز سے مستفید نہیں ہونا چاہیے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کو انٹرویو میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں امیر طبقے سے ٹیکس وصول کرنے اور سبسڈیز ختم کرنے پر زور دیا ۔
ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ زیادہ پیسہ کمانے والوں کو ٹیکس ریونیو میں حصہ ڈالنا چاہیے، سرکاری اور نجی شعبے میں اچھا کمانے والوں کو اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں امیر لوگوں کو سبسڈیز سے مستفید نہیں ہونا چاہیے، سبسڈی صرف ان لوگوں کو منتقل کی جائے جنہیں واقعی اس کی ضرورت ہے۔
ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بالکل واضح ہے کہ صرف غریبوں کو سبسڈی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے غریب عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، پاکستان کو قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ نہیں بلکہ ملک چلانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے،
کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پاکستان کی ایک تہائی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔