ماسکو: روس نے جوہری میزائلوں والی تجرباتی فوجی مشق کا آغاز کر دیا ۔ مشقوں میں روسی فوج نے بیلسٹک ، کروز میزائل اور ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کیا ۔
ماسکو حکومت کے ترجمان کے مطابق اس مشق کا مقصد اسٹریٹجک جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے روسی تیاری کو جانچنا تھا ۔ اس موقع پر بیلاروس کے صدر بھی روسی صدر کے ساتھ موجود تھے ۔
ادھر ، مشرقی یوکرائن سے مہاجرین کی آمد کے تناظر میں سرحد کے قریب واقع روسی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے ۔
اس سے قبل اپنے بیان میں امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ روسی صدر نے یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روسی حمایت یافتہ یوکرینی باغی اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں ۔
دوسری جانب ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ بڑی طاقتوں کی جانب سے ایک چھوٹی سی غلطی بھی دنیا کو تباہ کن اثرات سے دوچار کر سکتی ہے ۔