پی سی بی کا جیمز فالکنر کو آئندہ پی ایس ایل میں نہ کھلانے کا اعلان

06:59 PM, 19 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلین کرکٹر جیمز فالکنر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نہ کھلانے کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فالکنر کے حوالے سے پی سی بی اور تمام پی ایس ایل فرنچائزز نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ 
پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 2022 کے دوران جیمز فالکنر کی جانب سے لگائے جانے والے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیمز فالکنر کے قابل مذمت روئیے سے مایوس ہیں، فالکنر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ءکے ابوظہبی مرحلے کابھی حصہ تھے جہاں شریک دیگر تمام ارکان کے ہمراہ ان کے ساتھ بھی احترام کا رویہ اختیار کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی 7 سالہ تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی نے کبھی بھی عدم ادائیگی کی شکایت نہیں کی، اس کے برعکس تمام کھلاڑیوں نے ہمیشہ پی سی بی کی کوششوں کو سراہا ہے جبکہ ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی 2016ءسے پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو معاہدے کی بقیہ 30 فیصد رقم کی ادائیگی پی ایس ایل کے اختتام کے 40 روز کے اندر کی جانی تھی تاہم اس پر اب نظر ثانی کی جائے گی۔ دسمبر 2021 میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے ادائیگی کیلئے اپنے یوکے کے بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کی، جسے نوٹ کرلیا گیا۔ 
جنوری 2022 میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے آسٹریلیا میں موجود ایک آن شور اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کیں لیکن اس وقت تک جیمز فالکنر کی 70 فیصد ادائیگی یو کے میں ان کے آف شور اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی تھی اور جیمز فالکنر نے اس منتقلی کی تصدیق بھی کی تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق جیمز فالکنر کو 70 فیصد تک تمام ادائیگیاں کی جا چکی ہیں جبکہ بقیہ 30 فیصد ادائیگی پی ایس ایل 2022ءکے اختتام کے 40 روز کے اندر کی جانی تھی تاہم اس پر اب نظر ثانی کی جائے گی۔ یوکے کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونے کے باوجود جیمز فالکنر کا اصرار تھا کہ انہیں دوبارہ آسٹریلیا کے آن شور اکاؤنٹ میں تمام رقم بھیجی جائے، جس کا مطلب تھا کہ انہیں دو مرتبہ ادائیگی کی جائے۔
پی سی بی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جیمز فالکنر نے رقم منتقل نہ کرنے پر گزشتہ روز ملتان سلطانز کیخلاف اہم میچ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی اور اس موقع پر ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے پی سی بی نے جمعہ کی دوپہر جیمز فالکنر سے رابطہ کیا، اس دوران توہین آمیز روئیے کے باوجود جیمز فالکنر کو تمام شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے ایک اہم میچ کھیلنے کیلئے میدان میں اترنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی سے انکار کر دیا اور فوری طور پر اپنے سفری انتظامات ترتیب دینے کی ہدایت کردی جبکہ روانگی سے قبل جیمز فالکنر نے ہفتے کو جان بوجھ کر ہوٹل کی املاک کو نقصان پہنچایا، اس دوران پی سی بی ان کے ایجنٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا، جو پشیمان اور معذرت خواہ تھے۔

مزیدخبریں