لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے افغان لیگ سپنر راشد خان آج ایونٹ میں اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راشد خان اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ افغانستان روانہ ہوجائیں گے۔
ترجمان کے مطابق راشد خان قومی فرائض کی انجام دہی کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ میچز نہیں کھیل پائیں گے اور ان کے متبادل کے طور پر فواد احمد پہلے ہی لاہور قلندرز کو جوائن کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم اس وقت بنگلہ دیش کے دورے پر ہے اور راشد خان بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں شمولیت کے باعث ہی پی ایس ایل چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے راشد خان کا پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن میں آج نواں اور آخری میچ ہو گا اور انہوں نے اب تک 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔