پی ایس ایل7: اسلام آباد یونائیٹڈ آج لاہور قلندرز کیخلاف اپنا اہم ترین میچ کھیلے گی

پی ایس ایل7: اسلام آباد یونائیٹڈ آج لاہور قلندرز کیخلاف اپنا اہم ترین میچ کھیلے گی

 لاہور: پاکستان  سپرلیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے ،  میگا  ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز اور  اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی ، میچ  شام  7:30 بجے شروع ہو گا۔ 

لاہور قلندرز  پوائنٹس ٹیبل پر  دس پوائنٹس کیساتھ  دوسری پوزیشن پر موجود ہے جس نے اپنے کھیلے گئے آٹھ میچز میں سے پانچ جیتے اور تین میں شکست  ہوئی ۔جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم  کی  اب تک آٹھ میچز  میں 4  جیت کر 8 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ  لاہور قلندرز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی ہے جبکہ  آج کا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے اہمیت کا حامل ہے، جیت کی صورت میں  پلے آف مرحلے کیلئے یونائیٹڈ کی راہ ہموار ہو جائیگی  ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایونٹ سے باہر نکال دے گی۔

ملتان سلطانز ،  لاہور قلندرز اور پشاور زلمی  کی ٹیمیں پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ  پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے چوتھی پوزیشن کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابھی 2 میچز کھیلنے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا صرف ایک میچ باقی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کیساتھ چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اپنے آخری میچ میں شکست اسے پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کر دے گی تاہم فتح کی صورت میں بھی اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں میچز میں شکست کی دعا کرنا ہو گی۔

تاہم اگر کوئٹہ کی فتح کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے دو میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کی تو بہتر رن ریٹ کی بدولت یہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز باہر ہو جائے گی۔ 
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا پہلا کوالیفائر میچ 23 فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ایلی مینیٹر میچ 24 فروری اور دوسرا ایلی مینیٹر میچ 25 فروری کو ہو گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 27 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں