شبلی فراز نے اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ کی کامیابی کا دعویٰ کر دیا

07:46 PM, 19 Feb, 2021

اسلام آباد: شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں سے بھی پہلے سے زیادہ ووٹ لیں گے اور الیکشن سے قبل ہونیوالی خرید و فروخت جمہوریت کو کمزور کرتی ہے جبکہ ملک سے پیسے کی سیاست ختم کرنی ہے۔ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا ہے، پیسے کی سیاست ختم ہونے تک اہل لوگ سامنے نہیں آئیں گے اور ضمنی الیکشن کے نتائج کھلے دل سے قبول کریں گے۔

خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے مدد اور تعاون مانگا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ کا جہانگیر ترین سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے جہانگیر ترین سے سینیٹ الیکشن سے متعلق مدد اور تعاون مانگا ہے۔ جہانگیر ترین نے عبد الحفیظ شیخ کو مدد کی یقین دہانی کروائی۔

جہانگیر ترین نے حفیظ شیخ کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آپ دوست ہیں مکمل تعاون کروں گا۔ آپ ہماری پارٹی کے امید وار ہیں لازمی سپورٹ کریں گے۔ جہانگیر ترین نے حفیظ شیخ سے کہا کہ جلد اسلام آباد آ کر آپ سے ملاقات بھی ہو گی۔

واضح رہے کہ حفیظ شیخ اور یوسف رضاگیلانی کے درمیان اسلام آباد کی جنرل نشست پر مقابلہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں