لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں پولنگ اسٹیشن پر گھنٹوں انتظار کے باوجود پولنگ اسٹیشن کے دروازے نہیں کھولے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو بے وقوف بنایا گیا، یہاں تک کہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا جس پر ن لیگ کے کارکنوں کا صبر جواب دے گیا اور ن لیگ کے کارکنوں نے احتجاج کیا اورکارکن دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اس ساری صورتحال کے بارے میں کہا کہ انتظامیہ کو شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ چور حکومت آپ کا ووٹ چوری کرنے کا ہر حربہ استعمال کرے گی۔ مسلم لیگ ن کی جیت ان کے لئے موت سے بد تر ہے۔ ان چوروں کو آپ نے ہر حال میں روکنا ہے اور ان پر کڑی نظر رکھنی ہے۔ جبکہ عوام نے الحمدُللّہ شیر کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اب اس فیصلے کی حفاظت باقی ہے۔
مریم نواز نے کارکنان کو ہدایت کی کہ ووٹوں کی گنتی اور بیلٹ باکس کی ترسیل کے دوران نہ صرف پولنگ سٹیشنز پہ رہیں بلکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران بھی ریٹرننگ افسرز کے دفاتر تک پہرہ دیں اور جب تک تمام فارمز 45 اور فائنل رزلٹ نہیں مل جاتا برائے مہربانی اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں کارکنوں کے قتل کی ایف آئی آروزیراعلیٰ ،آئی جی پنجاب ،سی سی پی اوکیخلاف کٹنی چاہیے۔پنجاب حکومت لوگوں کی جانوں سےکھیل رہی ہے۔جب دوجانیں چلی گئیں،تووزیراعلیٰ کہتےہیں ایف آئی آرکٹےگی۔
خیال رہے ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں نامعلوم افراد نے آتشیں اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا۔ دھڑلے سے فائرنگ کی اور رفو چکر ہو گئے۔ نواحی گاؤں گوئندکے میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے ماجد کا تعلق تحریک انصاف سے ہے جبکہ ذیشان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔