ڈسکہ : ڈسکہ میں ضمنی انتخابات کے دوران حالات کشیدہ۔ پانچ مقامات پر پولنگ سٹیشنز کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے، ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈسکہ میں نامعلوم افراد نے آتشیں اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا۔ دھڑلے سے فائرنگ کی اور رفو چکر ہو گئے۔ نواحی گاؤں گوئندکے میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے ماجد کا تعلق تحریک انصاف سے ہے جبکہ ذیشان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔
گورنمنٹ ہائی سکول نسبت روڈ کے پولنگ سٹیشن پر نامعلوم کارسواروں نے فائرنگ کی اور موقع سے نکل گئے۔ سکول کی دیوار پر گولیاں لگنے کے نشانات موجود ہیں، موقع سے گولیوں کے خول بھی ملے۔ مین بازار میں قائم پولنگ سٹیشن کے قریب 4 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ووٹرز میں خوف وہراس پھیل گیا۔ خواتین خوف کے باعث گھبرا کر پولنگ سٹیشن کے باہر سے چلی گئیں۔
ڈسکہ کلاں میں بھی رنگیلا چوک کے قریب پولنگ سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس اور بھگدڑ مچ گئی، نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ڈسکہ پوسٹ گریجوایٹ کالج کے سامنے بھی نامعلوم افراد نے پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی، پولیس منہ دیکھتی رہی اور نامعلوم افراد بھاگ نکلے۔
دوسری طرف حمایتیوں نے بھی روایت برقرار رکھی۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور نعرے بازی کی۔