اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کی واپسی کا سب سے زیادہ خواہشمند ہے، افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بات سربراہ مسعود فاؤنڈیشن افغانستان احمد ولی مسعود کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے احمد ولی مسعود کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور سیکرٹری خارجہ بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان امن عمل اور پاکستان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاک افغان تعلقات کی جڑیں مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات سے جڑی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے افغان مجاہد احمد شاہ مسعود کی تاریخی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن معاہدے، انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز میں مدد کی۔ انٹرا افغان مذاکرات نے افغان قیادت کو تاریخی موقع فراہم کیا ہے۔ افغان قیادت کو وسیع البنیاد، سیاسی تصفیے کے حصول کیلئے مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین پر جنگ بندی کیلئے زور دے رہا ہے۔ اس تنازع سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ فریقین پرامن، خوشحال افغانستان کیلئے تعمیری طور پر کام کریں۔