اسلام آباد: چیف جسٹس گلزار احمد نے پولیس افسران کی ڈگریاں چیک کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ یہ حکم اپنے زیر صدارت گزشتہ روز ہونے والے پولیس کی ریفارمز کمیٹی کے اجلاس میں دیا۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس گلزار احمد کے زیر صدارت پولیس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس عمر عطا بندیال، کمیٹی ممبران اور تمام صوبوں کے آئی جیز نے شرکت کی۔
چیف جسٹس نے اجلاس کے دوران صوبائی چیف سیکرٹریز اور سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ تمام پولیس فورس میں شامل لوگوں کی ڈگریاں چیک کرنے کا عمل شروع کیا جائے اور اس کا آغاز تمام موجودہ آئی جیز اور ایس پی لیول کے افسران سے کیا جائے۔
اس موقع پر چیف جسٹس گلزار احمد نے اجلاس میں شریک تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ غیر ضروری گرفتاریوں سے اجتناب کریں جبکہ ایسے افسران کی فہرست پیش کی جائے تو کرائم کی تفتیش کرنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تقرر اور تبادلوں کا اختیار کسی اور کی بجائے آئی جیز کے پاس ہونا چاہیے اور یہ کہ پولیس پر دباؤ کو بھی ختم کیا جائے۔
اجلاس کے دوران آئی جی خیبر پختونخوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرائض سے غفلت پر آٹھ سو چون افسروں کو اب تک سزائیں دی جا چکی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ پولیس کو مشکلات درپیش ہیں کیونکہ محکمے کو گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہے۔