زہریلی گیس سے متاثرہ ریلوے کالونی کے عوام نے نقل مکانی شروع کردی

زہریلی گیس سے متاثرہ ریلوے کالونی کے عوام نے نقل مکانی شروع کردی

کراچی:کراچی کے علاقے کیماڑی میں پھیلنے والی مبینہ زہریلی گیس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ریلوے کالونی کے عوام نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔


ذرائع کے مطابق ریلوے کالونی میں ہو کا عالم ہے، فضا میں ہلکی سی بو اب بھی کسی دوسری جگہ سے آنے والا شخص محسوس کرسکتا ہے، لیکن یہاں رہنے والے اس قدر عادی ہوچکے کہ اب بو کی شکایت نہیں کررہے، تاہم علاقے سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ریلوے کالونی میں بچے بنا ماسک کے کھیل کود میں مصروف ہیں جبکہ سرکاری ادارے بو پھیلنے پر اب تک کوئی حتمی رائے نہ دے سکے ہیں۔

سندھ انوارومنٹل پروٹیکشن ایجنسی میں ہوا میں مضر ذرات کی نشاندہی کرنے والے آلات 10 سال سے غیرفعال ہیں، جس کے باعث صوبائی ماحولیاتی ایجنسی کو جان لیوا گیس سے متاثرہ علاقے میں سیمپلنگ کے لیے نجی تنظیموں پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔

 

نجی فضائی مانیٹرنگ ایپس کئی دنوں سے کراچی کا فضائی معیار آلودہ بتارہی ہیں، کیماڑی کے اطراف کے علاقوں میں شہریوں کو ماسک کے استعمال اور گھروں اور گاڑیوں کی کھڑکیاں بند کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔