کراچی: کیماڑی میں گیس سے 14 ہلاکتوں کے بعد کراچی پورٹ پر سویا بین آف لوڈ کرنے کا عمل روک دیا گیا۔ جہاز سے بقیہ سویا بین پورٹ قاسم پر اتاری جائے گی. بندرگاہ سے متصل آبادی کیماڑی میں 14 ہلاکتوں کے بعد بالآخر آخر کار سندھ اور وفاق ایک صفحہ پر آ گئے۔ کیماڑی گیس واقعے کی تشویش ناک صورتحال کے تناظر میں وفاقی وزیر سمندری امور علی زیدی اور وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کا اجلاس منگل کی شب کراچی پورٹ ٹرسٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سویابین کے جہاز کو کراچی پورٹ سے ہٹاکر پورٹ قاسم پر لنگر انداز کرنے اور باقی سویابین پورٹ قاسم پر آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو گیس پھیلنے کے عوامل اور محرکات کا تعین کرنے کے ساتھ آئندہ اس طرح کے کسی واقع کے تدارک کے لیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔
اجلاس میں ممبر سندھ صوبائی اسمبلی شاہنواز جدون، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، ایڈیشنل آئی جی غلام نبی، سی او ایس 5 کور بریگیڈ سمیع ، کرنل آئی ایس 5 کور کرنل ناصر، رینجرز 90 ونگ لیفٹیننٹ کرنل شبیر ناصر، ڈی جی ایس ای پی اے مسٹر نعیم مغل کے ساتھ ساتھ ایچ ای جے ڈاکٹر عامر حیدر اور ڈاکٹر شکیل احمد، ماہرین میرین ماحولیات کے ماہر راشد یحییٰ عثمانی اور کے پی ٹی کے دیگر اعلی عہدیداران بھی شامل تھے۔