اسلام آباد :اسلام آباد میں لوک ورثہ کے زیر اہتمام پاکستان میں بولی جانے والی مادری زبانوں کے ادب کا چوتھا دو روزہ میلہ منعقد کیا گیا۔
رواں برس ادبی میلہ ہفتہ سولہ فروری کو شروع ہوا ، شکر پڑیاں میں واقع سرسبز لوک ورثہ میں اپنی نوعیت کے اس چوتھے میلے کے آخری روز بھی مہمانوں کی بڑی تعداد کے باعث خاصی گہما گہمی نظر آئی۔
یہ میلہ انڈس کلچر فورم، لوک ورثہ، ایس پی او فاؤنڈیشن، اوپن سوسائٹی انسٹیٹیوٹ، ادارہ ثقافت سندھ اور سوسائٹی فار الٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔ میلے میں پندرہ زبانوں کے ڈیڑھ سو سے زائد ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔
میلے کے ایک اسپانسر ادارے سوسائٹی فار الٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ کے مظہرعارف کے مطابق اس ادبی میلے کا مقصد مادری زبانوں کی ترویج ہے اور اس میلے میں ملک بھر سے مادری زبانوں کے نمائندہ شاعروں اور ادیبوں نے شرکت کر کے ان زبانوں کی اہمیت اور ان کے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی، جس سے ان زبانوں کو درپیش چیلجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔