ممبئی: مقبوضہ وادی میں ہونے والے حملے کو جواز بنا کر انتہا پسند ہندوؤں نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے اور سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کے خلاف بیان نہ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ سے نوجوت سنگھ سدھو کو باہر کر دیا گیا تھا جن کے بعد ارچنا سنگھ اب ان کی جگہ لیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کو بالی وڈ اداکار سلمان خان کے کہنے پر ’دی کپل شرما شو‘ کی کاسٹ سے علیحدہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی پلوامہ حملے کی مذمت کی لیکن ساتھ ہی انہوں نے بھارتی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا مٹھی بھر لوگوں کے عمل پر آپ پوری قوم کو قصور وار ٹھہرائیں گے یا کسی فرد کو۔