ایبٹ آباد:خیبر پختونوا میں ایک اور قتل کا واقعہ پیش آیا ہے اور مقامی اداکارہ اور رقاصہ نور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ایک مسلح شخص نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مقامی اداکارہ نور شدید زخمی ہوگئی ،رقاصہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی والد ہ نے کہا کہ نور کے سابق شوہر شازی خان نے آج صبح گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی وجہ سے ان کی بیٹی کی ہلاکت ہوئی۔
واقعے کا مقدمہ نوربی بی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں درج کرلیا گیا ہے جب کہ ملزم کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ پولیس کے مطا بق فنکارہ نور کو سابق شوہر شازی خان نے کچھ عرصہ قبل طلاق دی تھی۔