متحدہ پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے انٹرا پارٹی الیکشن، فاروق ستار کنوینر منتخب

09:13 AM, 19 Feb, 2018

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پی آئی بی گروپ نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کو کنوینر منتخب کر لیا۔ انٹرا پارٹی انتخاب میں فاروق ستار 9 ہزار 433 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آئے۔

انٹراپارٹی الیکشن کی نگرانی کرنے والے خواجہ نوید ایڈووکیٹ کے مطابق انتخاب کے ذریعے رابطہ کمیٹی کے 35 اراکین کو بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔ نومنتخب اراکین، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کا فیصلہ آج کریں گے۔ اس بات کا بھی اعلان کیا گیا کہ اب تمام اجلاس فاروق ستار کی سربراہی میں ہوں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پی آئی بی گروپ کی جانب سے اعلان کردہ انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کراچی اور حیدر آباد میں ووٹنگ ہوئی تھی۔

انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے کراچی کے 'کے ایم سی گراؤنڈ' اور حیدرآباد کے پارٹی دفتر میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے جہاں کارکنوں نے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالے۔ پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک جاری رہا تھا۔ تاہم بہادر آباد گروپ کی رابطہ کمیٹی نے اس الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے انٹرا پارٹی انتخابات کو غیر قانونی قرار دے دیا اور کہا کہ یہ مخلص کارکنان کو مستقل تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

بہادرآباد گروپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق پالیسی فیصلے رابطہ کمیٹی ہی کرسکتی ہے اور 23 اگست کے بعد کسی کو بھی اکیلے اہم فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں